جوہانسبرگ،5اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا): روانڈا کے صدر پال کیگامے تیسری مرتبہ بھی صدارتی انتخابات میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ یوں وہ مزید سات برسوں کے لیے مشرقی افریقہ کے اس چھوٹے سے ملک کے سربراہ ریاست کے فرائض سر انجام دیں گے۔ کیگامے نے گزشتہ روز منعقد ہونے والے الیکشن سے قبل ہی اپنی لینڈ سلائیڈنگ کامیابی کی پیشن گوئی کر دی تھی۔ انسٹھ سالہ کیگامے نے کہا ہے کہ ان کی کامیابی ملکی ترقی کی ضمانت ہے اور وہ تمام حلقوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ان کے دور میں روانڈا کی اقتصادی حالت بہتر ہوئی ہے لیکن وہ اپوزیشن کی آواز دبانے کے حوالے سے تنقید کی زد میں بھی آتے ہیں۔